نئی دہلی،20مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو چین کی سرحد سے ملحق پانچ ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ پہلی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی محبوبہ مفتی (جموں و کشمیر)، ویر بھدر سنگھ (ہماچل پردیش)، تروندر سنگھ راوت (اتراکھنڈ)، پون کمار چاملنگ (سکم) اور پیما کھانڈو (اروناچل پردیش) نے حصہ لیا۔وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ اجلاس کا مقصد پوری سرحد کی حفاظت کے لئے وزارت اور پانچوں ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔ وزیر داخلہ جمعہ سے سکم کے تین روزہ دورے پر ہیں۔افسر نے کہا کہ اجلاس میں وزارت داخلہ کی طرف سے بنایاگیاسر حد کے بنیادی ڈھانچے سے منسلک کام، سرحدی علاقے کی ترقی کے پروگرام اور ریاستوں اور ہند- تبت سر حد پولیس (آئی ٹی بی پی) کے درمیان کو آرڈینیشن کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجناتھ ہفتہ کو ہند-چین سرحد پر تعینات جوانوں سے ملنے کے لئے ناتھولا ردے اور آئی ٹی بی پی کی ایک رینج چوکی کا دورہ کریں گے۔